دونوں ممالک مذہبی وتاریخی اعتبار سے گہرے اورمضبوط بندھن میں بندھے ہیں،وزیرنجکاری کی ایرانی سفیر سے گفتگو
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران مذہبی اورتاریخی اعتبار سے گہرے اورمضبوط بندھن میں بندھے ہیں ، دونوں ملک ایک دوسرے کے تجربات اور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان سے یران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اور ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے باہمی دلچسپی اور دو طرفہ تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال اور پاک ایران تعلقات کے فروغ پر خصوصی گفتگو بھی کی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے امکانات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ دونوں ممالک کے روڈ انفراسٹرکچر اور تجارتی راہداریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیرنے کہا کہ پاکستان ایران سے پہلے سے موجود تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے،بین الاقوامی حالات میں باہمی تعاون دونوں ممالک کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا، بیرون ملک سے سرمایہ کاری میں اضافے کے لئے مربوط روڈ میپ پر عمل پیرا ہیں۔انہوں نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا نے کہا کہ ٹرانسپورٹیشن کے شعبہ میں درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔