عدالتی احکامات کے باوجود قومی شاہراہیں بند کر دی جاتی ہیں، طاقت کا استعمال کریں گے تو ردعمل آئے گا
قومی شاہراہوں کی بندش سے، راشن کی تقسیم میں مشکلات ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان کا تقریب سے خطاب
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کسی کو بھی غائب کرکے پریشر حکومت پر ڈالا جاتا ہے۔سرفراز بگٹی نے مستحقین میں رمضان فوڈ پیکج کی تقسیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی شاہراہوں کی بندش سے، راشن کی تقسیم میں مشکلات ہیں، ارکان اسمبلی کو راشن نہیں دیا وہ صرف سپر وائز کر رہے ہیں، بلوچستان کے حالات دیگر صوبوں سے مختلف ہیں، دور دراز علاقوں کے لوگوں کے بینک اکائونٹ رکھنے والوں کو کیش پیمنٹ دی جائے گی۔وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات کے باوجود قومی شاہراہیں بند کر دی جاتی ہیں، طاقت کا استعمال کریں گے تو اس پر ردعمل آئے گا، ڈی سیز شاہراہوں کی بحالی کے حوالے سے اپنی ذمہ داری نبھائیں۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ احتجاج کرنے والے افراد اپنے ساتھ خواتین اور شیر خوار بچوں کو ساتھ لاتے ہیں، دفعہ 144ہمیں اجازت دیتا ہے کہ طاقت کا استعمال کریں، سڑکیں بند کرنا کسی بھی طرح منصفانہ نہیں، جتھے آکر قومی شاہراہیں بند کردیتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی کو غائب کرکے پریشر حکومت پر ڈالا جاتا ہے، حکومت صبر اور تحمل سے کام لے رہی ہے۔