پولیس شہداء کے 21 بچوں میں جدید لیپ ٹاپ تقسیم

تعلیم اور سکلز ڈویلپمنٹ کیلئے شہداء کے بچوں کی بھرپور معاونت جاری
لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب کے دوران پولیس شہداء کے 21 بچوں میں جدید لیپ ٹاپس تقسیم کیے۔ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والوں میں میڈیکل، ایل ایل بی، آئی ٹی اور دیگر جدید ٹیکنالوجی پروگرامز میں زیر تعلیم طلبا و طالبات شامل ہیں۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب پولیس ویلفیئر فنڈز سے اب تک پولیس شہداء کے 329 بچوں کو لیپ ٹاپس فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ رواں سال 127 بچوں کو لیپ ٹاپس دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید لیپ ٹاپس طلبا و طالبات کے تعلیمی، پیشہ ورانہ کیریئر اور سکلز ڈویلپمنٹ میں اہم کردار ادا کریں گے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ملک و قوم کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے مزید وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ پولیس شہداء کے بچوں کو ملکی و غیر ملکی تعلیمی اداروں میں تعلیم کے حصول کے لیے سکالرشپس بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لیپ ٹاپ حاصل کرنے والوں میں لاہور کے 2، شیخوپورہ کے 3، جھنگ کے 3، گوجرانوالہ کے 2، سیالکوٹ کے 2 اور ٹیلی کمیونیکیشن پنجاب کے 2 طلبا و طالبات شامل ہیں۔ اسی طرح راولپنڈی، فیصل آباد، اوکاڑہ، مظفرگڑھ، سی ٹی ڈی، پی ایچ پی اور پولیس ٹریننگ سکول سرگودھا سے تعلق رکھنے والے ایک، ایک طالب علم کو بھی لیپ ٹاپ فراہم کیا گیا۔