پیپلز پارٹی کا وفاقی وزراء اور سرکاری وسائل کے مبینہ استعمال پر اعتراض، بلاول بھٹو کے فارم 45 سے متعلق بیان کی وضاحت
اسلام آباد( آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے گلگت بلتستان انتخابات میں وفاقی حکومت کی جانب سے مبینہ اثرورسوخ اور سرکاری وسائل کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزراء کی انتخابی مہم میں شرکت اور سرکاری مشینری کا استعمال تشویشناک ہے۔اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ انتخابی عمل میں کسی بھی قسم کی مداخلت شفاف اور منصفانہ انتخابات پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع اور لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے فارم 45 اور فارم 47 سے متعلق بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے عوام کو یاد دلایا تھا کہ گزشتہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی نو نشستیں چھین لی گئی تھیں اور عوام سے اپنے ووٹ اور فارم 45 کی حفاظت کرنے کی اپیل کی تھی۔شازیہ مری کا کہنا تھا کہ درست فارم 45 کی موجودگی میں کسی کے لیے عوامی مینڈیٹ چرانا ممکن نہیں، کیونکہ فارم 45 انتخابی نتائج کی بنیادی دستاویز ہے اور اسی کی بنیاد پر فارم 47 جاری کیا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھنے والی جماعت ہے اور اس نے کبھی اقتدار یا سلیکشن کی درخواست نہیں کی۔ ان کے بقول گلگت بلتستان کے عوام گزشتہ تین نسلوں سے پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کرتے آ رہے ہیں۔شازیہ مری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے ہمیشہ محروم اور کمزور طبقات کے حقوق کی آواز بلند کی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی حقوق، جمہوریت اور ووٹ کے تقدس کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خود گلگت بلتستان میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں، جبکہ آصف بھٹو زرداری بھی ان کے ہمراہ انتخابی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔