واسا کی ناقص حکمت عملی ،اقبال ٹائون حادثاتی زون میں تبدیل

ڈویلپمنٹ کے مقامات پر کسی قسم کی حفاظتی باڑ نیہںلگائی گئی جو بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے
ڈائریکٹر اقبال ٹاؤن حافظ غفران صادق کی مبینہ غفلت سے کسی بڑے سانحے کا خطرہ ہر وقت منڈلا رہا ہے
لاہور (شہزاد راجپوت)واسا انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی اور غفلت کے باعث اقبال ٹائون حادثاتی زون میں تبدیل ہو چکا ہے۔حفاظتی ایس او پیز کو پس پشت ڈال دیا،اقبال ٹاؤن میں سیوریج لائن ڈالنے کے لیے کی جانے والی گہری کھدائیاں شہریوں کے لیے جان لیوا خطرہ بن چکی ہیں۔ڈائریکٹر اقبال ٹاؤن حافظ غفران صادق کی مبینہ غفلت سے کسی بڑے سانحے کا خطرہ ہر وقت منڈلا رہا ہے۔ڈویلپمنٹ کے مقامات پر نہ تو کسی قسم کی حفاظتی باڑ لگائی گئی ہے اور نہ ہی رات کے وقت روشنی یا وارننگ سائنز کا انتظام کیا گیا ہے۔ علاقہ مکینوں کی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے نوٹس لینے کی اپیل۔تفصیلات کے مطابق واسا کے اقبال ٹائون ڈائریکٹوریٹ میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے نئی سیوریج لائن بچھائی جا رہی ہیں۔جس کے لیے گہری کھدائیاں کی گئی ہیں۔جن کے ارد گرد کوئی حفاظتی انتطام نہیں کیا گیا ہے۔مین سڑک کے درمیان گہرا گڑھا کھودا گیا ہے۔ جہاں نہ تو کوئی سیفٹی ٹیپ موجود ہے اور نہ ہی کوئی متبادل راستہ فراہم کیا گیا ہے۔ اردگرد اینٹوں اور ملبے کے ڈھیر نے صورتحال کو مزید خطرناک بنا دیا ہے۔شہریوں اور دکانداروں نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واسا کی جانب سے ناقص منصوبہ بندی اور غفلت کے باعث یہ علاقہ ایک حادثاتی زون میں تبدیل ہو چکا ہے۔ ہم اپنے بچوں کو گھر سے باہر بھیجتے ہوئے خوفزدہ ہیں۔ خدا نہ کرے کوئی بچہ اس کھائی میں گر جائے تو کون ذمہ دار ہوگا۔ ایک مقامی رہائشی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا۔ڈائریکٹر واسا اقبال ٹاؤن حافظ غفران احمد کی مبینہ غفلت اور عدم دلچسپی پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ افسران کو متعدد بار شکایات کی جا چکی ہیں لیکن تاحال کوئی عملی اقدام سامنے نہیں آیا۔سماجی تنظیموں اور علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور چیف سیکریٹری سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور واسا کو حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کریں، بصورت دیگر کسی انسانی جان کے ضیاع کی صورت میں ذمہ دار صرف اور صرف واسا انتظامیہ ہوگی۔