کوئٹہ: وزیرِاعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور ان کا ہر سطح پر تعاقب کیا جائے گا۔
ایک بیان میں سرفراز بگٹی نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بلوچستان میں امن قائم رکھنے کے لیے فورسز کی قربانیاں اور پیشہ وارانہ مہارت قابلِ فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف مثالی کامیابیاں حاصل کی ہیں، اور ریاست دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں تسلسل سے جاری رہیں گی تاکہ بلوچستان کے عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
وزیرِاعلیٰ نے واضح کیا کہ دہشتگردوں کے سہولت کار، چاہے وہ اندرونِ ملک ہوں یا بیرونی طاقتوں سے وابستہ، کسی کو بخشا نہیں جائے گا۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور امن کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کو ہر محاذ پر شکست دی جائے گی، اور کامیاب آپریشنز دشمنوں کے لیے واضح پیغام ہیں کہ ریاست اپنی رِٹ قائم کرنے میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتے گی۔