امریکا نے ایران کو مذاکراتی رہنماؤں کے قتل کے اسرائیلی منصوبے سے آگاہ کیا، رپورٹ

امریکا نے ایران کو مذاکراتی رہنماؤں کے قتل کے اسرائیلی منصوبے سے آگاہ کیا، رپورٹ

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ اور نیویارک ٹائمز کی رپورٹس کے مطابق امریکی حکام نے رواں سال موسمِ بہار میں ثالثوں کے ذریعے ایران کو خبردار کیا تھا کہ اسرائیل مبینہ طور پر بعض اعلیٰ ایرانی سیاسی شخصیات کو نشانہ بنانے پر غور کر رہا ہے۔

رپورٹس میں موجودہ اور سابق امریکی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ممکنہ اہداف میں ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اور پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف بھی شامل تھے۔امریکی حکام کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ایران کے ساتھ کشیدگی کم کرنے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے جاری سفارتی کوششوں کے دوران اسرائیل تہران کی بعض اعلیٰ سیاسی شخصیات کو قتل کرنے کے امکان پر غور کر رہا تھا۔رپورٹ کے مطابق واشنگٹن نے اسرائیلی حکام پر زور دیا کہ وہ ایران کی سیاسی قیادت کو نشانہ بنانے سے گریز کریں۔امریکی حکام کو خدشہ تھا کہ ایسے اقدامات سفارتی عمل کو سبوتاژ کر سکتے ہیں اور ان رہنماؤں کو بھی ختم کر سکتے ہیں جنہیں امریکا مذاکرات کے لیے اہم رابطہ کار سمجھتا تھا۔رپورٹس میں کیے گئے ان دعوؤں پر اسرائیلی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔