پاک بھارت جنگ میں 11 طیارے تباہ ہوئے، ٹرمپ کے بیان پر مودی سرکار منہ چھپانے لگی

پاک بھارت جنگ میں 11 طیارے تباہ ہوئے، ٹرمپ کے بیان پر مودی سرکار منہ چھپانے لگی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی گزشتہ برس کی جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس تنازع کے دوران 11 طیارے تباہ ہوئے تھے، جبکہ بروقت سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ممکنہ ایٹمی تصادم کو ٹال دیا گیا۔

امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی انتہائی خطرناک صورت اختیار کر چکی تھی، تاہم جنگ بندی کی کوششوں کے باعث لاکھوں نہیں بلکہ تقریباً تین کروڑ افراد کی زندگیاں ممکنہ تباہی سے محفوظ رہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم نے بھی ان سے گفتگو میں اس مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ جنگ رکنے سے کروڑوں انسانوں کی جانیں بچ گئیں۔صدر ٹرمپ نے گفتگو کے دوران امریکی داخلی سیاست پر بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ ایک وقت ایسا تھا جب اسرائیل میں ان کی مقبولیت 99 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے نزدیک یہ سمجھنا مشکل ہے کہ کوئی یہودی ووٹر ڈیموکریٹک پارٹی کی حمایت کیوں کرے۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ اس سے قبل بھی متعدد مواقع پر یہ دعویٰ دہرا چکے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں امریکا نے اہم کردار ادا کیا تھا اور اس تنازع کے دوران جنگی طیارے بھی تباہ ہوئے۔دوسری جانب بھارتی حکومت نے ٹرمپ کے حالیہ بیان پر باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا، جبکہ بھارت میں اپوزیشن جماعتیں، خصوصاً کانگریس، اس معاملے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتی رہی ہیں۔