بھارت اور گھانا میں بارشیں، کئی بستیاں تباہ، درجنوں افراد ہلاک ‘ متعدد لاپتہ

متاثرہ علاقوں میں گاڑیوں کی جگہ کشتیوں کا استعمال،سینکڑوں افراد محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے
نئی دہلی،اکرہ(آئی این پی )دنیا کے مختلف حصوں میں مون سون کی شدید بارشوں اور سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔ بھارت کی کئی ریاستیں اور مغربی افریقا کے ملک گھانا اس وقت شدید قدرتی آفت کی لپیٹ میں ہیں، جہاں درجنوں بستیاں پانی میں ڈوب چکی ہیں اور متعدد قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ہے۔بھارت کی ریاست آسام اور اروناچل پردیش میں مسلسل بارشوں کے بعد شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ کئی دیہات پانی میں ڈوب گئے ہیں جبکہ سیلابی ریلے آبادیوں میں داخل ہو گئے ہیں۔متاثرہ علاقوں میں لوگوں نے اپنی روزمرہ زندگی کے لیے گاڑیوں کی جگہ کشتیوں کا استعمال شروع کر دیا ہے، جبکہ کئی افراد محفوظ مقامات کی طرف پیدل نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔دوسری جانب مغربی افریقہ کے ملک گھانا میں بھی شدید بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ ایک ہی دن میں تقریبا 169 ملی میٹر بارش کے بعد کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔