سیلابی صورتحال میں مدد کے لیے لائف جیکٹس، رسیاں اوردیگر اشیاء پہنچانے کے لیے استعمال کیا جائیگا
پشاور(خصوصی رپورٹ )دریائے سوات میں 27جون کو سیاحوں کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر شدید تنقید کے بعد خیبر پختونخوا حکومت نے موثر اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کر لیا اور اب صوبے میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈرون حاصل کرلیا ہے ۔ ڈرون کو سیلابی صورتحال میں مدد کے لیے لائف جیکٹس، رسیاں اوردیگر اشیاء پہنچانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے فلڈ فائٹنگ آلات خریدنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں ڈرونز اور واٹر ریسکیو بوٹس شامل ہیں، سیلاب اور دیگر ایمرجنسی صورتحال میں اب ڈرونز کا استعمال کیا جائے گا، ڈرونز میں کئی سو کلو گرام وزن اٹھانے کی صلاحیت ہوگی۔خیبرپختونخوا محکمہ ریلیف نے 30قیمتیں ڈرونز خریدنے کیلئے تیاری مکمل کر لی، 10ایچ 30ٹرانسپورٹیشن ڈرونز خریدے جائیں گے جس میں 100کلو گرام تک وزن اٹھانے کی صلاحیت ہوگی، 20ایسے ٹرانسپورٹیشن ڈرونز خریدے جائیں گے جو 50کلوگرام تک وزن اٹھا سکتے ہوں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرونز کی خریداری پر 406ملین روپے کی لاگت آئے گی جس کیلئے وزیراعلیٰ نے محکمہ خزانہ کو 331ملین روپے کے فنڈز جاری کرنے کی ہدایات کر دی۔