امریکی ریاست نیو جرسی میں طیارہ کریش، تحقیقات جاری

امریکی ریاست نیو جرسی میں طیارہ کریش، تحقیقات جاری

امریکی ریاست نیو جرسی میں ایک چھوٹا طیارہ ٹیک آف کے فوری بعد گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 14 افراد زخمی ہو گئے۔

حادثہ کراس کیز ہوائی اڈے کے قریب پیش آیا، جہاں طیارہ قریبی جنگلاتی علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارہ جیسے ہی پرواز کے لیے بلند ہوا تو چند لمحوں بعد فنی خرابی یا دیگر ممکنہ مسائل کے باعث قابو سے باہر ہو گیا اور جنگل میں آ گرا۔ واقعے کے فوری بعد ریسکیو اور ایمرجنسی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور تمام زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

حادثے کی تحقیقات کا آغاز
حادثے کی نوعیت کے پیشِ نظر فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) اور دیگر متعلقہ اداروں نے حادثے کی جامع تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ طیارے کے گرنے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

طیارہ حادثوں کا تسلسل
یاد رہے کہ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب گزشتہ روز برازیل کی ریاست ساؤ پاؤلو میں بھی ایک تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں دو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ برازیلین ایئر فورس کا ایروناٹیکل ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن اینڈ پریوینشن سینٹر اس واقعے کی بھی تحقیقات کر رہا ہے۔

حفاظتی اقدامات پر سوالات
طیارہ حادثوں کے تسلسل کے بعد ماہرین ہوابازی کی جانب سے چھوٹے طیاروں کی حفاظت، دیکھ بھال اور تربیتی معیار سے متعلق سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ شہری ہوابازی حکام کا کہنا ہے کہ حادثات کی وجوہات سامنے آنے کے بعد حفاظتی اقدامات میں بہتری کی سفارشات دی جائیں گی۔