دھماکے میں موٹر سائیکل استعمال کی گئی جس میں بارود نصب کیا گیا تھا‘صدر ،وزیر اعظم کی باجوڑ بم دھماکے کی شدید مذمت
باجوڑ (آن لائن)خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں صدیق آباد پھاٹک میلہ گرانڈ کے قریب بم دھماکا ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنر ناگئی، تحصیل دار نواگئی، دو پولیس اہل کاروں سمیت 5 افراد شہید اور16 زخمی ہوگئے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے میں موٹر سائیکل استعمال کی گئی، موٹر سائیکل میں بارود نصب کیا گیا‘۔دھماکے کے نتیجے میں زخمی سب انسپکٹر نور حکیم مزید علاج کے لیے پشاور منتقل کئے جارہے تھے کہ راستے میں ہی چل بسے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ضلع باجوڑ میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور دھماکے میں اسسٹنٹ کمشنر نواگئی، تحصیلدار اور دیگر اہلکاروں کی شہادت پر دلی اظہار افسوس کیا ہے،صدرِ مملکت نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور اظہارِ ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے،دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں جو نہتے عوام کو نشانہ بناتے ہیں،وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع باجوڑ کے مقام پھاٹک میلہ کے قریب ہونے والے دھماکے کی مذمت کی اور دھماکے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار نواگئی سمیت دیگر اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ،وزیراعظم نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی صحت یابی کی دعاء اور انہیں ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں