شناختی کارڈ نہ ہونے پر ڈومیسائل پر امتحان میں بیٹھنے کی اجازت ہو گی
لاہور (کرائم رپورٹر)پنجاب پبلک سروس کمیشن نے خصوصی افراد کو تحریری امتحانات میں اضافی وقت دینے سمیت شناختی کارڈ کے معاملے میں بھی ریلیف دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ خصوصی افراد کو 1 گھنٹے 30 منٹ والے تحریری امتحان میں 15 منٹ اضافی وقت ملے گا جبکہ 3 گھنٹے والے امتحان میں انہیں 30 منٹ کا اضافی وقت دیا جائے گا۔اگر کسی امیدوار کے پاس شناختی کارڈ نہیں لیکن وہ ڈومیسائل کا حامل ہے تو اسے امتحان میں بیٹھنے کی اجازت دی جائے گی۔ اسی طرح جن امیدواروں کا شناختی کارڈ چھ ماہ سے کم عرصے کے لئے ایکسپائر ہو، انہیں بھی مشروط طور پر امتحان میں بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔پالیسی میں تبدیلی فل کمیشن کے اجلاس میں کی گئی جس سے امیدواروں کی سہولت کے لئے نئے اقدامات کئے گئے ۔ اس سے قبل صرف شناختی کارڈ کے حامل امیدواروں کو امتحان میں بیٹھنے کی اجازت تھی۔