پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غیر مستقل رکن کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں ہیں، اور اس کا آغاز 2025-2026 کے لیے ہو گیا ہے۔
اس موقع پر اقوام متحدہ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے ایڈیشنل مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے کہ وہ عالمی سطح پر امن کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے گا۔عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان عالمی امن کا داعی ہے اور عالمی تنازعات اور مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو فعال کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا اور اقوام متحدہ کے چارٹر پر عملدرآمد کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دنیا کو محفوظ اور پرامن بنانے کی ذمہ داری ہم سب کی ہے، اور پاکستان حق خودارادیت کے حق میں منظور کی جانے والی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے بھی اپنے کردار کو نبھائے گا۔پاکستان کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غیر مستقل رکن کی حیثیت سے انتخاب عالمی سطح پر اس کی اہمیت اور امن کے حوالے سے سنجیدہ عزم کا غماز ہے۔