ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے میچز سے بڑی مالی آمدنی حاصل ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق، ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی آدھی سے زیادہ رقم پاکستان کو ملے گی، اور اس حوالے سے جلد ہی تحریری معاہدہ ہو جائے گا۔چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد 19 فروری سے 9 مارچ تک ہو گا، جس میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے میچز دبئی میں ہوں گے۔ پی سی بی کے ذرائع کے مطابق، اگر پاکستان فائنل تک پہنچتا ہے تو اسے پانچ میچز کھیلنے کا موقع ملے گا، سیمی فائنل تک محدود رہنے پر چار، اور صرف پہلے راؤنڈ سے باہر ہونے کی صورت میں تین میچز ہوں گے۔ان میچز میں 23 فروری کو پاکستان اور بھارت کے درمیان متوقع بلاک بسٹر مقابلہ بھی شامل ہے، جو کہ ابتدائی طور پر لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونا تھا۔ تاہم، بھارتی کرکٹ بورڈ نے حکومتی اجازت نہ ملنے کے جواز سے اس منصوبے کو رد کر دیا۔
پی سی بی کے ایک اعلیٰ حکام نے تصدیق کی کہ یو اے ای میں ہونے والے میچز سے پاکستان کو اہم مالی فوائد حاصل ہوں گے، خاص طور پر ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی میں اس کا حصہ زیادہ ہوگا۔ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں 25 ہزار سے زائد شائقین کی گنجائش ہے، اور ماضی میں بھی پاک بھارت میچز کے دوران تماشائیوں کی تعداد اتنی زیادہ رہی تھی کہ اسٹیڈیم میں تل دھرنے کی جگہ نہیں ملتی تھی۔