لبنان: حسن نصر اللہ کے والد عبد الکریم نصر اللہ انتقال کر گئے

لبنان: حسن نصر اللہ کے والد عبد الکریم نصر اللہ انتقال کر گئے

لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے سابق سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ کے والد عبد الکریم نصر اللہ انتقال کر گئے۔

 عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق عبد الکریم نصر اللہ گزشتہ دو روز سے شدید طبی پیچیدگیوں میں مبتلا تھے، جس کے باعث وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔رپورٹس کے مطابق عبد الکریم نصر اللہ کا انتقال اپنے صاحبزادے، حزب اللہ کے سابق سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ کی اسرائیلی حملے میں شہادت کے تقریباً ڈیڑھ سال بعد ہوا۔ ان کے انتقال کی خبر سے لبنان سمیت خطے میں حزب اللہ سے وابستہ حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں عبد الکریم نصر اللہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ بیان میں مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے صبر، استقامت اور قربانی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

ادھر ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی عبد الکریم نصر اللہ کے انتقال پر تعزیتی پیغام جاری کیا۔ انہوں نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ عبد الکریم نصر اللہ کا انتقال خطے کے مزاحمتی حلقوں کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔عبد الکریم نصر اللہ کے انتقال پر مختلف سیاسی اور مزاحمتی حلقوں کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ لبنان میں ان کی نمازِ جنازہ اور تدفین سے متعلق تفصیلات کا اعلان بعد میں متوقع ہے۔