مسجدِ نبویؐ کے مؤذن شیخ فیصل بن عبد المالک نعمان انتقال کر گئے، آخری اذان کی ویڈیو وائرل

مسجدِ نبویؐ کے مؤذن شیخ فیصل بن عبد المالک نعمان انتقال کر گئے، آخری اذان کی ویڈیو وائرل

مسجدِ نبویؐ کے مؤذن شیخ فیصل بن عبد المالک نعمان کا انتقال ہو گیا، جس کے بعد ان کی آخری اذان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

شیخ فیصل نعمان گزشتہ 25 سال سے مسجدِ نبویؐ میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کی نمازِ جنازہ منگل کی صبح نمازِ فجر کے بعد ادا کی گئی، جس کے بعد انہیں جنت البقیع میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔مسجدِ حرام اور مسجدِ نبویؐ کے امورِ دینیہ کے سربراہ شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے مرحوم کے انتقال پر آئمہ، مؤذنین، اساتذہ اور امورِ دینیہ کے تمام عملے کی جانب سے گہرے رنج و غم اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔شیخ فیصل نعمان کو سال 2001 میں مسجدِ نبویؐ کا مؤذن مقرر کیا گیا تھا۔ ان کی خدمات کے دوران، مسجد انتظامیہ نے مؤذن کی آخری اذان کی ویڈیو بھی شیئر کی، جو سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہو گئی ہے۔شیخ فیصل نعمان مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم بھی مدینہ میں حاصل کی۔ بعد میں انہوں نے طیبہ یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔

وہ ایسے خاندان سے تعلق رکھتے تھے جو نسل در نسل مسجدِ نبویؐ میں اذان دینے کی سعادت سے وابستہ ہے؛ ان کے دادا اور والد دونوں نے بھی اس منصب پر فائز رہ کر عبادت انجام دی۔ان کے والد شیخ عبد المالک نعمان نے صرف 14 برس کی عمر میں مسجدِ نبویؐ میں اذان دینا شروع کی اور 90 برس سے زائد عمر تک اس مقدس فریضے کو نبھایا۔ شیخ فیصل نعمان نے اپنے والد کے انتقال کے بعد سال 1422 ہجری (2001ء) میں اس منصب کو سنبھالا اور تقریباً 25 سال تک اسے خوش اسلوبی سے انجام دیا۔