عمران خان کی صحت سے متعلق اطلاعات نے پورے ملک میں اضطراب پیدا کر دیا‘وزیراعظم اور وزیراعلی کی ملاقات خوش آئند ہے:اعلامیہ
اسلام آباد(آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی نے بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔پارلیمانی پارٹی نے 8 فروری کو ملک گیر پہیہ جام کی مکمل حمایت کرتے ہوئے سندھ اور پنجاب میں رہنماؤں اور کارکنوں کی بلاجواز گرفتاریوں کی شدید مذمت کی یے۔کستان تحریکِ انصاف کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی، سیکیورٹی اور صوبائی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور ان حملوں کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جدوجہد میں قوم متحد ہے۔اجلاس میں بانی چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کی صحت سے متعلق خبروں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کا مؤقف تھا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق اطلاعات نے پورے ملک کے عوام میں اضطراب پیدا کر دیا ہے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ عمران خان کو فوری طور پر ان کے معالج تک مکمل رسائی دی جائے اور ان سے ملاقاتوں کا سلسلہ بلا تاخیر بحال کیا جائے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ ان کی رہائی فی الفور یقینی بنائی جائے۔اجلاس میں وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا کی وزیراعظم شہباز شریف سے صوبے کے درپیش مسائل کے حل کے لیے ہونے والی ملاقات کو خوش آئند قرار دیا گیا۔