عرب وزرائے خارجہ نے فلسطینیوں کے جبری انخلا کا منصوبہ مستردکردیا

ایسی کوئی بھی کوشش خطے کے استحکام کے لیے خطرہ ہوگی،قاہرہ میں جاری اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری
قاہرہ( آن لائن)عرب وزرائے خارجہ نے فلسطینی عوام کو غزہ سے اردن اور مصر میں جبری طور پر منتقل کرنے کے امریکی صدر کے منصوبے کو مسترد کر دیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزرائے خارجہ نے متفقہ موقف اختیار کرتے ہوئے کہاکہ فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بیدخل کرنا کسی بھی طرح کے حالات میں قابل قبول نہیں۔عرب وزرائے خارجہ کا اجلاس قاہرہ میں ہوا جس میں مصری وزیر خارجہ اور دیگر حکام کے علاوہ اردن، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، فلسطینی اتھارٹی اور عرب لیگ کے رہنمائوں نے شرکت کی اور بعدازاں ایک مشترکہ بیان جاری کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسی کوئی بھی کوشش خطے کے استحکام کے لیے خطرہ ہوگی۔ علاقے میں ٹکرائو بڑھے گا اور امن کے امکانات میں کمی ہوگی۔بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے ہم سختی سے اس طرح کی کسی بھی کوشش جو فلسطینیوں کے ناقابل تنسیخ حقوق پر سمجھوتہ کرنے کے لیے ہو مسترد کرتے ہیں۔