عرب لیگ اجلاس: فلسطینیوں کی جبری بے دخلی مسترد،غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

 غزہ پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت،عراق کا غزہ اور لبنان کی تعمیر نو کے لیے 4کروڑ ڈالر امداد کا اعلان
 جدہ(آئی این پی )عرب لیگ نے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو مسترد کرتے ہوئے غزہ میں فوری طور پر جنگ روکنے کا مطالبہ کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بغداد میں منعقدہ عرب لیگ کے 34ویں سربراہی اجلاس میں غزہ پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔سربراہی اجلاس میں فلسطینی صدر محمود عباس، امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی، مصری صدر عبدالفتاح السیسی، عراقی صدر عبداللطیف راشد، سعودی وزیرِ خارجہ عادل الجبیر اور دیگر رہنماں نے شرکت کی۔ سعودی وزیرخارجہ نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی کی کوشش کو یکسر مسترد کر دیا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی قوانین کی کھلی توہین ہیں۔ ہمیں فلسطینی عوام کی مشکلات کم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ دیگر رہنمائوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ اسرائیل پر غزہ میں جنگ بندی کے لیے دبا ڈالے۔ اجلاس میں غزہ کی تعمیر نو اور بحالی کے منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔