بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ گوتم گمبھیر نے روہت شرما کی آسٹریلیا کے خلاف سڈنی ٹیسٹ میں شرکت کے بارے میں کسی قسم کی تصدیق کرنے سے انکار کیا ہے۔
جب ان سے روہت شرما کی پلیئنگ الیون میں شامل ہونے کے حوالے سے سوال کیا گیا، تو گمبھیر نے کہا کہ ٹیم نے ابھی اپنی آخری پلیئنگ الیون کو حتمی شکل نہیں دی ہے اور اس کا فیصلہ کل پچ کے جائزے کے بعد کیا جائے گا۔گمبھیر نے مزید کہا کہ روہت شرما کے ساتھ سب کچھ ٹھیک ہے اور وہ اس سوال کو کوئی اہمیت نہیں دیتے کہ پریس کانفرنس میں شرکت کیوں نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی خاص روایت نہیں ہے اور ہیڈ کوچ یہاں موجود ہیں جو ٹیم کے حوالے سے کافی اہمیت رکھتے ہیں۔
جب ایک صحافی نے دوبارہ یہی سوال پوچھا تو گمبھیر نے کہا کہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے اور پلیئنگ الیون کا فیصلہ کل پچ کے حالات کے مطابق کیا جائے گا۔ بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کو آسٹریلیا کے خلاف جاری سیریز میں اپنی خراب فارم اور ٹیم کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔ اس وقت بھارت آسٹریلیا کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 سے پیچھے ہے۔