بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں ، دو روزہ تربیتی پروگرام کا آغاز

  پرامن انتخابات کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہے ہیںصوبائی الیکشن کمشنر 
کوئٹہ(خصوصی رپورٹ) کوئٹہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں عروج پر ہیں جس کے لیے دو روزہ تربیتی پروگرام کا شاندار آغاز کردیا گیا‘ تربیتی پروگرام کے پہلے روز صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان انجینئر علی اصغر سیال نے مرد و خواتین دونوں تربیتی مراکز کا تفصیلی دورہ کیا ‘اس موقع پر انہوں نے کہا پریذائیڈنگ افسر اور سینئر اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسر انتخابی عمل کی ریڑھ کی ہڈی ہیں ان کا کردار شفافیت اور غیر جانبداری کو یقینی بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے انہوں نے تربیت حاصل کرنے والے تمام افسران کے جذبے اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کی محنت اور پیشہ ورانہ لگن دیکھ کر مطمئن ہوں.الیکشن کمیشن آپ کے ساتھ کھڑا ہے اور شفاف، منصفانہ اور پرامن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہا ہے