پشاور سے ملنے والی تازہ اطلاعات کے مطابق، ڈی آئی خان کے علاقے پنیالہ میں پولیس موبائل پر دہشت گرد حملے کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق، بم دھماکے کے سبب اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور ڈرائیور سخی جان شہید ہوئے ہیں، جبکہ کانسٹیبل آزاد شاہ محفوظ رہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں اور پولیس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں ہیں، اور شہدا کی لاشوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ جائے وقوع سے شواہد جمع کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔ اس کے علاوہ، بم دھماکے کے بعد علاقے میں ناکا بندی کر دی گئی ہے اور پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران، بشمول ڈی ایس پی پنیالہ اور ایس ایچ او، فوری طور پر مقام پر پہنچ گئے ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے اور شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے شہید ہونے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی قربانیاں قوم کے لئے باعث فخر ہیں اور ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔