پنجاب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر مقدمات درج ہونے کے بعد، وزیراعلیٰ اور گورنر پنجاب کو بھی خط موصول ہونے لگے ہیں۔
جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ، اظہر صدیق ایڈووکیٹ، نے پنجاب موٹر وہیکل آرڈیننس 2025 کو واپس لینے کے لیے وزیر اعلیٰ اور گورنر کو خط لکھ دیا ہے۔خط کے متن کے مطابق، پنجاب موٹر وہیکل آرڈیننس 2025 غیرآئینی، آئین کے بنیادی انسانی حقوق کے منافی اور عوامی مفادات کے لیے نقصان دہ ہے۔انہوں نے نشاندہی کی ہے کہ اسمبلی قانون سازی کے ذریعے قانون سازی کی جا رہی ہے، جبکہ گورنر سے اس نوعیت کا آرڈیننس جاری کروانا غیر منصفانہ ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ بھاری جرمانے اور لائسنس معطل کرنے جیسے اقدامات انصاف کے منافی ہیں، اور یہ آرڈیننس نوجوان نسل کو شدید متاثر کر رہا ہے۔اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے یہ آرڈیننس واپس نہ لیا، تو وہ اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کریں گے۔