مریم نواز کی ہدایت پر کم عمر طلبہ کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتاری روک دی گئی

مریم نواز کی ہدایت پر کم عمر طلبہ کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتاری روک دی گئی

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حالیہ واقعہ پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے، جس میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کم عمر طلبہ کو ہتھکڑیاں لگا کر گرفتار کیا گیا تھا۔

 انہوں نے اس اقدام کو غیر مناسب اور بچوں کے ساتھ ناانصافی قرار دیا اور ہدایت دی کہ بچوں کو گرفتار نہ کیا جائے۔مریم نواز کا کہنا ہے کہ والدین اور اساتذہ کو چاہیے کہ وہ بچوں کو ٹریفک قوانین کی اہمیت اور روڈ سیفٹی کے بارے میں آگاہ کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ ٹریفک قوانین عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے بنائے گئے ہیں اور ہر فرد کو اپنی ذمہ داری نبھانی چاہیے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔اس موقع پر، یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ 16 سالہ بچوں کو اسمارٹ کارڈ اور موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کے اصولی اقدامات کیے جائیں گے۔ پنجاب بھر میں ٹریفک پولیس کے لیے ہفتۂ آگاہی منایا جائے گا، جس میں عوام کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے بچاؤ اور سیفٹی کے بارے میں آگاہی دی جائے گی۔ ہیلمٹ نہ پہننے پر پہلی خلاف ورزی پر وارننگ اور چالان کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔

مزید برآں، ٹریفک کے تحفظ کے لیے پہلی بار ڈرون اور باڈی کیمروں کا استعمال شروع کیا گیا ہے تاکہ پولیس کی کارکردگی کو مؤثر بنایا جا سکے۔ مریم نواز کا کہنا ہے کہ عوام کی عزتِ نفس کا خاص خیال رکھا جائے گا اور بد اخلاقی یا بدتمیزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔اس حوالے سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر اب تک 2,445 پولیس گاڑیاں قانون کی زد میں آ چکی ہیں۔ مریم نواز نے واضح کیا کہ معصوم بچوں کو پکڑنے کا مقصد نہیں، بلکہ قانون کی پاسداری اور روڈ سیفٹی کو یقینی بنانا ہے۔