پھول یونین نے 2,458 ووٹ حاصل کئے، کامیابی پر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ‘ نعرے ‘ مشعل یونین 1,823 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہی
رانا سلیم بلو جنرل سیکرٹری اور لیاقت مسیح سینئر نائب صدر منتخب ہو گئے‘ریفرنڈم شفاف ہوا‘کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی:محکمہ لیبر‘نتائج جاری
لاہور(سپیشل رپورٹر) واسا ریفرنڈم 2025 میں پھول یونین نے واضح برتری سے 2,458 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کرلی،بھاری اکثریت سے کامیابی پر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے اور نعرے بازی کی گئی جبکہ مشعل یونین 1,823 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہی۔ محکمہ لیبر نے باقاعدہ طور پر نتائج جاری کر دیئے۔ پھول یونین نے کْل ووٹوں کا 57.42 فیصد حصہ حاصل کیا جبکہ مشعل یونین کا حصہ 42.58 فیصد رہا ۔ پھول یونین نے 635 ووٹوں کی برتری سے فتح حاصل کی۔چیئرمین اسلم بھٹی،جنرل سیکرٹری رانا سلیم بلو،صدر عمر فیاض بٹ اور سینئر نائب صدر لیاقت مسیح منتخب ہوئے۔ مجموعی طور پر دونوں یونینوں کو دیے گئے کْل ووٹ 4,281 بنتے ہیں جس میں پھول یونین کا تناسب 57.42 فیصد اور مشعل یونین کا 42.58 فیصد رہا۔پھول یونین کی یہ فتح 635 ووٹوں کے واضح فرق کے ساتھ سامنے آئی۔یہ مارجن اس ریفرنڈم میں ووٹرز کی ترجیح اور یونین لیڈرشپ کی طرف اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ محکمہ لیبر کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نتائج آزادانہ اور شفاف انداز میں نوٹ کیے گئے اور کسی غیر معمولی شکایت کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔واسا میں ملازمین کی تنظیمی فضا اور نمائندگی کے حوالے سے یہ ریفرنڈم اہمیت کا حامل تھا۔ پھول یونین کی کامیابی سے آئندہ چند ماہ میں ملازمین کے حقوق، مذاکراتی حکمتِ عملی اور داخلی نمائندگی میں تبدیلیاں متوقع ہیں۔