ترکیہ کے وزیر توانائی کی جی ایچ کیو آمد، فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسے ملاقات ،توانائی تعاون میں توسیع پر اتفاق‘ملاقات میں پاک ترکی باہمی تعلقات، خطے کی مجموعی صورتِ حال پربات چیت کی گئی
مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور تکنیکی اشتراک کیلئے پرعزم ہیں‘ پاکستان کی علاقائی امن، استحکام اور پائیدار ترقی کیلئے جاری کوششوں کو سراہتے ہیں‘ ترکیہ ہمیشہ پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے:وزیرتوانائی
فیلڈ مارشل سے کیمبرین پیٹرول مقابلے کے شرکاء کی ملاقات‘فیلڈ مارشل نے دنیا کے سب سے مشکل فوجی مقابلوں میں شاندار کارکردگی پر ٹیم کو مبارکباد دی ‘ جسمانی برداشت، حکمت عملی میں مہارت اور بہترین ٹیم ورک کوسراہا
راولپنڈی(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک ) فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ترک وزیر توانائی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی ہے، جس میں پاکستان اور ترکیہ کا توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے مختلف پہلوں پر غور کیا گیا اور خطے میں امن، استحکام اورمشترکہ ترقی کے لیے شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے پاکستان اور ترکی کے درمیان گہرے اور تاریخی برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی اورمختلف بین الاقوامی فورمز پر ترکیہ کی جانب سے پاکستان کے لیے حمایت کو سراہا۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ دوسری جانب ترکیہ وزیر الپ ارسلان بیرکتار نے توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے کی ترکی کی خواہش کا اظہار کیا، انہوں نے علاقائی امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔ترکیہ کے وزیر توانائی نے توانائی کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ پاکستان کیساتھ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور تکنیکی اشتراک کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے پاکستان کی علاقائی امن، استحکام اور پائیدار ترقی کیلئے جاری کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ ترکیہ ہمیشہ پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے۔دریں اثنائفیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کیمبرین پیٹرول مقابلے کے شرکا نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے دنیا کے سب سے مشکل فوجی مقابلوں میں شاندار کارکردگی پر ٹیم کو مبارکباد دی اور شرکاء کی جسمانی برداشت، حکمت عملی میں مہارت اور بہترین ٹیم ورک کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ یہ پاکستان آرمی کی اعلیٰ روایت کی عکاس ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ٹیم کی محنت اور سخت تربیت کو سراہا اور کہا کہ ٹیم کی کامیابی قوم کیلیے فخر کا باعث بنی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ ٹیم نے پاکستان آرمی کے معیار اور کارکردگی کے عزم کو مزید مستحکم کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء نے اس اعزاز پر چیف آف آرمی اسٹاف کا شکریہ ادا کیا اور ضبط، بے لوث لگن اور پیشہ ورانہ معیار کے بنیادی اصول برقرار رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔