آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ افواج پاکستان قوم کی حمایت سے ملک کی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں اور ہر سازش کو ناکام بنا دیں گی۔
انہوں نے یہ بات نارووال اور سیالکوٹ میں ٹریننگ فیلڈ کا دورہ کرتے ہوئے کہی، جہاں انہیں کور کمانڈر گوجرانوالہ اور آئی جی ٹریننگ نے استقبال کیا اور مشقوں کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔آرمی چیف نے مشقوں میں شریک فوجی دستوں کے ساتھ وقت گزارا اور ان کے تربیتی معیار، پیشہ ورانہ تیاریوں اور بلند جذبے کو سراہا۔ انہوں نے جوانوں کی محنت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان دشمن کے کسی بھی حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔اس موقع پر آرمی چیف نے مشقوں کا معائنہ کیا، جس میں آرمر، انفنٹری، آرٹلری، ایئر ڈیفنس، اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل یونٹس نے مشترکہ فائر کا مظاہرہ کیا۔ مشقوں کا مقصد پیشہ ورانہ مہارتوں کو نکھارنا اور جنگی حکمت عملیوں کی بہتر تیاری کرنا تھا تاکہ افواج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اس موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان اپنے عزم، تیاری اور قوم کی حمایت سے ملک کے دفاع میں کسی بھی قسم کے خطرے کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسلح افواج ہر قسم کی سازش کو ناکام بنانے کی طاقت رکھتی ہیں اور کسی بھی دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔