وفاقی وزیر مواصلات نے تمام غیر ضروری اسامیوں کو ختم کر دیا ہے‘ پوسٹ آفس کی کمرشل پراپرٹیز کو لیز پر دیا جائے گا
ادارے نے رواں سال حکومت کو 5 ارب کماکر دینے کی یقین دہانی کرادی: گل اصغر کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کو بریفنگ
اسلام آباد (آئی این پی )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات میں پارلیمانی سیکرٹری مواصلات گل اصغر نے انکشاف کیا ہے پاکستان پوسٹ میں 5 ہزار اسامیاں خالی تھیں، جو بھی وزیر آتا تھا، ان خالی اسامیوں پر اپنوں کو نوازتا تھا، تاہم اب وفاقی وزیر مواصلات نے تمام غیر ضروری تمام اسامیوں کو ختم کر دیا ہے،پاکستان پوسٹ نے ادارے میں جدت لاکر حکومت کو اس سال 5 ارب کماکر دینے کی یقین دہانی کرادی جبکہ ارکان اسمبلی نے ادارے کو غیر ضروری قرار دیکر ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ قائمہ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں متعلقہ حکام سے پاکستان پوسٹ پر تفصیلی بریفنگ طلب کر لی۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کا اجلاس پیر کو چیئرمین اعجاز جاکھرانی کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے مواصلات گل اصغر نے بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان پوسٹ کا ڈیجیٹائزیشن اور بزنس پلان اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) کو بھجوا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ منظوری کے بعد پوسٹ آفس میں جدت لانے پر کام شروع ہو جائے گا، پوسٹ آفس کی کمرشل پراپرٹیز کو لیز پر دیا جائے گا، اس سال وفاقی حکومت کو پانچ ارب کما کر دینے کی یقین دہانی کروائی ہے، اس وقت پاکستان پوسٹ کا سالانہ خرچہ 28 ارب روپے ہے، خرچہ پورا کرنے کے بعد وفاقی حکومت کو 5 ارب روپے کا منافع دیں گے