خیبرپختونخوا کی بگڑتی صورتحال پر بلاول متحرک، گورنرکو طلب کرلیا

بلاول بھٹو  کی زیر صدارت رابطہ کمیٹی اجلاس،دہشت گردی کے واقعات میں اضافے پر اظہار تشویش

اسلام آباد(بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں) خیبرپختونخوا میں امن وامان کے معاملے پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری متحرک ہوگئے۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو اسلام پہنچ گئے جہاں انہوں نے گورنرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو طلب کرلیا۔ ذرائع نے بتایا کہ بلاول بھٹو نے فیصل کنڈی کو صوبے میں امن وامان کے حوالے سے متعلق بریفنگ کے طلب کیا ہے۔دریں اثناء  پیپلز پارٹی کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت میں منعقد ہوا، جس کا مقصد موجودہ سیاسی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی اور غور و غوض کرنا تھا۔ اراکین نے سینٹرل  پنجاب، جنوبی پنجاب، بلوچستان اور سندھ سمیت وفاقی سطح پر سیاسی، پالیسی اور ترقیاتی چیلنجز سے متعلق اپنے جاری اور حل طلب  مسائل پر بات چیت کی گئی۔ پالیسی معاملات جیسا کہ سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی، پانی کے انتظام کے تنازعات، زراعت اور ڈیجیٹل معیشت کو درپیش چیلنجز اور عوامی مفاد کی قانون سازی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وفاقی حکومت سے متعلق تحفظات کے حوالے سے سیاسی، پالیسی اور قانون سازی کے معاملات پر بروقت مشاورت کی کمی اور وعدوں پر عمل درآمد نہ ہونے کو اہم رکاوٹوں کے طور پر نشاندھی کی گئی، جنہیں حل کرنا ضروری ہے۔