جوڈ بیلنگھم نے پاکستانی اسپنر عثمان طارق کی بولنگ کا سامنا کیا، ویڈیو وائرل

جوڈ بیلنگھم نے پاکستانی اسپنر عثمان طارق کی بولنگ کا سامنا کیا، ویڈیو وائرل

برمنگھم: انگلینڈ اور ریال میڈرڈ کے اسٹار فٹبالر جوڈ بیلنگھم کی پاکستانی اسپنر عثمان طارق کے خلاف بلے بازی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جسے کرکٹ اور فٹبال کے مداح خوب پسند کر رہے ہیں۔

یہ دلچسپ ملاقات دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ کے دوران برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں برمنگھم فینکس اور ویلش فائر کے درمیان میچ کے موقع پر ہوئی، جہاں عثمان طارق برمنگھم فینکس کی نمائندگی کر رہے ہیں۔مختصر دوستانہ سیشن میں جوڈ بیلنگھم نے بیٹ تھاما اور عثمان طارق کی پراسرار اسپن بولنگ کا سامنا کرتے ہوئے مختلف شاٹس کھیلنے کی کوشش کی۔ چیلنج مکمل ہونے کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر خوشگوار انداز میں ملاقات کا اختتام کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔کرکٹ اور فٹبال کے شائقین نے اس منفرد لمحے کو بے حد سراہا اور دونوں عالمی ستاروں کے دوستانہ انداز کی تعریف کی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ چند روز قبل بھی جوڈ بیلنگھم نے برمنگھم فینکس کی ٹریننگ کے دوران عثمان طارق کی بولنگ کی ویڈیو پر "Nice" لکھ کر اپنا ردعمل دیا تھا، جس کے بعد دونوں کی یہ ملاقات مزید توجہ کا مرکز بن گئی۔

اسی موقع پر جوڈ بیلنگھم نے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء سے بھی ملاقات کی۔ فاطمہ ثناء نے اس ملاقات کی تصاویر اور ویڈیوز اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیں، جن میں دونوں خوشگوار انداز میں گفتگو کرتے اور مسکراتے ہوئے نظر آئے۔فاطمہ ثناء نے اپنی پوسٹ میں برمنگھم فینکس کی جانب سے ویمنز مقابلے میں ویلش فائر کو شکست دے کر سیزن کی پہلی کامیابی حاصل کرنے پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔ایجبسٹن میں ہونے والی یہ ملاقات دنیا کے دو مقبول ترین کھیلوں، کرکٹ اور فٹبال، کے مداحوں کے لیے ایک یادگار لمحہ بن گئی۔