ڈی آئی خان: ضلع ہنگو کے علاقے ٹل میں واقع دلن کے مقام پر نجی بینک پر مسلح نقاب پوش افراد نے حملہ کر کے بینک منیجر اور کیشیئر کو اغوا کر لیا، جبکہ حملے کے دوران بینک کے اندر فائرنگ اور توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔
پولیس کے مطابق متعدد مسلح حملہ آور اچانک بینک میں داخل ہوئے اور عملے کو یرغمال بنا لیا۔ حملہ آوروں نے بینک کے خزانے پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں اندرونی سامان کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ سی سی ٹی وی کیمرے اور کمپیوٹر سسٹم بھی تباہ کر دیے گئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور بینک منیجر وسیم آفریدی اور کیشیئر علاءالدین کو اغوا کرنے کے بعد اپنے ساتھ چھپری ویزران کی جانب لے گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ترجمان پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس، سیکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ اہم داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر دی گئی ہے، جبکہ اغوا کاروں کی گرفتاری اور مغویوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی شناخت اور ان کے فرار کے راستوں کا تعین کرنے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جبکہ متاثرہ بینک کے عملے اور عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں۔سیکیورٹی اداروں نے واقعے کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہوئے مشترکہ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مغویوں کی جلد اور محفوظ بازیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جبکہ حملے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔