پاکستانی مداحوں کی محبت کا ذکر کرتے ہوئے راکھی ساونت آبدیدہ ہو گئیں

پاکستانی مداحوں کی محبت کا ذکر کرتے ہوئے راکھی ساونت آبدیدہ ہو گئیں

بھارتی اداکارہ، ماڈل اور ڈیجیٹل انفلوئنسر راکھی ساونت پاکستانی مداحوں کی محبت اور حمایت کا ذکر کرتے ہوئے جذباتی ہو گئیں اور کہا کہ مشکل وقت میں پاکستانی مداح ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے نظر آئے۔

راکھی ساونت، جو اپنی بے باک شخصیت، متنازع بیانات اور سوشل میڈیا پر سرگرمیوں کے باعث اکثر خبروں کی زینت بنتی رہتی ہیں، نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران پاکستانی مداحوں سے ملنے والی محبت کا کھل کر ذکر کیا۔بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں راکھی ساونت نے کہا کہ پاکستانی انہیں بے حد محبت دیتے ہیں اور جب بھی ان کی زندگی میں کوئی مشکل پیش آتی ہے تو سب سے پہلے پاکستانی مداح مدد کے لیے آگے آتے ہیں۔انہوں نے جذباتی انداز میں بتایا کہ بعض اوقات وہ بیمار بھی ہو جاتی ہیں اور بخار کی حالت میں بھارت سے کوئی ان کی خبرگیری کے لیے نہیں آتا، لیکن پاکستانی مداح اسپتال لے جانے اور دیکھ بھال کے لیے پہنچ جاتے ہیں۔راکھی ساونت نے کہا کہ جن لوگوں کے والدین ان کے ساتھ نہیں ہوتے، وہ دوسروں کی محبت اور تعاون کے سہارے زندگی گزارتے ہیں، اور پاکستانی مداحوں نے ہمیشہ انہیں اپنائیت اور محبت کا احساس دلایا ہے۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ جانتی ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی اختلافات موجود ہیں اور دونوں ممالک کو ایک دوسرے کا حریف سمجھا جاتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ پاکستانی عوام نے ہمیشہ انہیں بے پناہ محبت دی ہے۔راکھی ساونت کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف ردِعمل سامنے آئے۔ کئی پاکستانی صارفین نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جبکہ متعدد بھارتی اور پاکستانی صارفین نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے سے نفرت نہیں کرتے بلکہ سیاسی اختلافات کی وجہ سے فاصلے پیدا ہوئے ہیں۔