معمولی رنجش پر 2دوست قتل

حویلی لکھا میں بلال ،شرجیل سے ملزموں حمید وغیرہ کی تلخ کلامی ہوئی تھی،1ملزم گرفتار
حویلی لکھا (خصوصی رپورٹ )اوکاڑہ کے قصبہ حویلی لکھاکمیٹی پارک کے قریب معمولی تلخ کلامی کی رنجش پر 2 نوجوان دوستوں کو چھریوں کے پے در پے وار کر کے قتل کر دیا گیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ایک مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ایف آئی آر کے مطابق دو دوست بلال احمد اور شرجیل حویلی لکھا کمیٹی پارک کے قریب آئس کریم شاپ پر بیٹھے تھے کہ حمید آخان، طارق، شکیل احمد اور دو نامعلوم ساتھی وہاں پہنچ گئے جنہوں نے دو روز قبل ہونے والی تلخ کلامی کی رنجش پر دونوں پر چھریوں سے حملہ کر کے شدید زخمی کردیا ،دونوں دوست لہولہان ہوکر زمین پر گر پڑے، ملزم موقع سے فرار ہو گئے،دونوں شدید زخمی دوستوں کو تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال حویلی لکھا منتقل کیا گیا، جہاں سے تشویشناک حالت کے باعث ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال اوکاڑہ ریفر کیا گیا مگر دونوں راستے میں ہی دم توڑ گئے، دوہرے قتل کی واردات پر ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی،پولیس اور فرانزک ٹیم نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس نے مقتول بلال کے والد ندیم احمد کی مدعیت میں ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر کے سائنسی بنیادوں پر تفتیش شروع کر دی ،پولیس کے مطابق ایک مرکزی ملزم حمیداللہ کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دیگر ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں