امریکی سینیٹ میں منظور ہونے والے بل میں بھارت کیلئے ٹیرف 100 فیصد تک بڑھنے کا خطرہ منڈلانے لگا ،الجزیرہ
واشنگٹن،نئی دہلی (آن لائن)بھارت کی بدترین خارجہ پالیسی، عالمی پابندیوں کے باوجود روس سے روابط مودی کیلئے نیا امتحان بن گئے۔عالمی جریدہ الجزیرہ کے مطابق امریکی سینیٹ میں منظور ہونے والے بل میں بھارت کیلئے ٹیرف 100 فیصد تک بڑھنے کا خطرہ منڈلانے لگا ۔رپورٹ کے مطابق خلیجی جنگ اور امریکی تجارتی دباؤ کے سامنے مودی سرکار کی توانائی پالیسی سخت مشکلات کا شکارہے اورعالمی منظرنامے میں تبدیلیوں کے درمیان مودی کی غیر متوازن خارجہ پالیسی بھارتی عوام کیلئے کڑی آزمائش بن گئی ہے۔ الجزیرہ کے مطابق عالمی پابندی کے باوجود روسی توانائی کے بڑے خریداروں میں شامل ہونے کے باعث بھارت امریکی بل کی زد میں آ گیا۔امریکی سینیٹر رچرڈ بلومن تھال کا کہنا ہے کہ مودی کی ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے امریکی بل کی زد میں بھارت سب سے نمایاں ملک ہے۔ الجزیرہ کے مطابق مودی حکومت توانائی کے تحفظ اور امریکی ٹیرف کے خطرے کے درمیان توازن قائم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔بھارتی جریدہ وی آن نیوزکے مطابق بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بھی روسی تیل کی درآمد کو بھارت کیلئے نقصان دہ ہونے کی تائید کر دی ۔بھارتی توانائی اور تیل و گیس کے ماہر کیرت پاریخ کے مطابق بھارتی روپے پر شدید دباؤ سے مہنگائی میں نمایاں اضافے ہونے کا خدشہ پہلے ہی بھارتی عوام کے سر پر منڈلا رہا ہے۔