یوٹیوب چینل بنانے کا فیصلہ داماد علی حمزہ بلوچ سے متاثر ہو کر کیا ،یہ ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں فنکار اپنے چاہنے والوں سے براہِ راست رابطہ قائم کر سکتے ہیں
لاہور(شوبز ڈیسک)پاکستان کی معروف سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے یوٹیوب چینل بنانے کا فیصلہ اپنے داماد علی حمزہ بلوچ سے متاثر ہو کر کیا شگفتہ اعجاز نے ایک پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے یوٹیوب سفر کے آغاز کی دلچسپ کہانی سنائی۔ان کا کہنا ہے کہ ابتدا میں ان کا یوٹیوب پر آنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، لیکن جب انہوں نے اپنے داماد کی مقبولیت اور مداحوں کا ان سے غیر معمولی لگاؤ دیکھا تو انہیں بھی احساس ہوا کہ یہ ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں فنکار اپنے چاہنے والوں سے براہِ راست رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان کے داماد علی حمزہ بلوچ روزانہ وی لاگز بنایا کرتے تھے اور ان کی ویڈیوز کو لوگ بے حد پسند کرتے تھے۔ شگفتہ اعجاز نے کہا، ‘‘میں دیکھتی تھی کہ لوگ علی حمزہ بلوچ سے کتنی محبت کرتے ہیں اور ان کی ویڈیوز سے خود کو جوڑتے ہیں۔ حتیٰ کہ جب میں کسی شادی یا تقریب میں جاتی تھی تو لوگ مجھ سے کہتے تھے کہ ہم علی بھائی کے بہت بڑے مداح ہیں۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ، ’’اس وقت مجھے احساس ہوا کہ یوٹیوبر بننا بھی ایک بہت بڑا اسٹارڈم ہے، جہاں آپ کو اپنے کام کا فوری ردعمل مل جاتا ہے۔ ادھر ویڈیو اپ لوڈ ہوتی ہے اور ادھر لوگوں کے پیغامات آنا شروع ہو جاتے ہیں اور آپ اپنا میسیج بھی ان تک براہ راست پہنچا سکتے ہیں۔‘‘