توانائی بحران کے تناظر میں یہ اقدام ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا :فیصل کھوکھر
لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب کے وڑن کے تحت صوبے کو گرین انرجی کی جانب گامزن کرنے کے حوالے سے محکمہ توانائی پنجاب نے توانائی کے م ئوثر استعمال اور بجلی کی بچت کو فروغ دینے کے لیے ‘‘اینڈورسمنٹ لیبل’’ کا باقاعدہ اجرا کر دیا۔ صوبائی وزیر توانائی ملک فیصل ایوب کھوکھر نے بٹن دبا کر اس اقدام کا باضابطہ افتتاح کیا جبکہ اس موقع پر سیکرٹری توانائی ڈاکٹر فرخ نوید اور دیگر متعلقہ افراد بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب توانائی کے شعبے میں اصلاحات، شفافیت اور جدت لانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ‘‘اینڈورسمنٹ لیبل’’ کے اجرا سے صارفین کو توانائی بچانے والی معیاری مصنوعات کی پہچان میں آسانی ہوگی، جس سے نہ صرف بجلی کے بلوں میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ مجموعی طور پر اربوں روپے کی بچت بھی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ توانائی بحران کے تناظر میں یہ اقدام ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جو صوبے میں توانائی کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دے گا۔