بھائی کی فائرنگ ،2 بہنیں قتل، تیسری زخمی

عدیل نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر بشریٰ اور فضا کی جان لی ، ملزم فرار 
عشا تشویشناک حالت میں ساہیوال ہسپتال منتقل ، ڈی پی او کی جائے وقوعہ آمد
اوکاڑہ (خصوصی رپورٹ)اوکاڑہ کی شادمان کالونی میں بھائی نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر فائرنگ کرکے2 بہنوں کو قتل کردیا جبکہ تیسری شدید زخمی ہوگئی۔ذرائع کے مطابق تھانہ اے ڈویڑن کے علاقہ شادمان کالونی میں نوجوان عدیل نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر اپنی حقیقی بہنوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا ،جس کے نتیجے میں 25سالہ بشری ٰاور 20سالہ فضا جاں بحق جبکہ تیسری بہن عشا شدید زخمی ہو گئی جسے تشویشناک حالت میں ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال منتقل کر دیا گیا۔ملزم عدیل فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی ایس ایچ او جہانزیب وٹو پولیس تھانہ اے ڈویڑن کے ہمراہ خود جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، زخمی لڑکی کو اپنی نگرانی میں ہسپتال منتقل کرواتے ہوئے فرار ملزم کی گرفتاری کیلئے سخت ہدایات دیں۔پولیس کے مطابق واقعہ گھریلو جھگڑے کا شاخسانہ ہے،تاہم بعداز تفتیش واقعہ کے اصل حقائق سامنے آئیں گے۔پولیس سائنسی بنیادوں پر تفتیش کر رہی ہے۔