رشتہ نہ دینے پر نویں جماعت کی طالبہ پر تیزاب پھینک دیا

چوہنگ میں طالبہ اکیڈمی سے باہر نکلی تو موٹر سائیکل سوار  ساجدتیزاب پھینک کرفرار ہو گیا
ڈی آئی جی آپریشنز  کا نے واقعے کا نو ٹس،مرکزی ملزم زخمی حالت میں گرفتار‘ہستپال لے جاتے دم توڑگیا
لاہور(کرائم رپورٹر ) لاہور کے علاقے چوہنگ میں رشتہ نہ دینے پر ملزمان نے نویں جماعت کی طالبہ پر تیزاب پھینک دیا  جس کے نتیجے میں طالبہ کا چہرہ، سر اور کندھے بری طرح جھلس گئے  ۔پولیس کے مطابق طالبہ اکیڈمی سے باہر نکلی تو موٹر سائیکل سوار ملزم ساجد نے اس پر تیزاب پھینک دیا اور اپنے ساتھی کے ہمراہ فرار ہو گیا۔ زخمی طالبہ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ تھانہ چوہنگ پولیس نے طالبہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے  ایس پی صدر کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک دیا، جس کے بعد شہر بھر میں ناکہ بندی کر کے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ گرین ٹان کے علاقے میں پولیس نے جب مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزموں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔پولیس کے ساتھ مقابلے اور تعاقب کے بعد مرکزی ملزم ساجد کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ اس کا دوسرا ساتھی فائرنگ کرتا ہوا فرار  ہو گیا۔زخمی ملزم ہسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا‘پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے رشتہ نہ دینے کی رنجش پر طالبہ کو نشانہ بنایا، مفرور ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔