سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد‘صدر،وزیرا عظم ‘ وزیر داخلہ کا فورسز کو خراجِ تحسین
راولپنڈی(آئی این پی )سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں پاک-افغان سرحدی علاقے میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر د یا اورسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کو ضلع شمالی وزیرستان میں پاکستان-افغان سرحد کے ساتھ فتنہ الخوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کی اطلاع ملی تھی جس کے بعدسکیورٹی فورسز نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے اس گروہ کو نشانہ بنایا اور انکی اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔۔دریں اثنامصدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ وطن کے دفاع اور سرحدوں کے تحفظ کیلئے سکیورٹی فورسز کا کردار قابلِ فخر ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرِ ستان میں پاک افغان سرحدی علاقے میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے،۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاک فوج نے بروقت کارروائی کرکے بھارتی سپانسرڈ 8 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے پر پاک فوج کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں