عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے لیے کسی کو نیا ٹاسک نہیں دیا: بیرسٹر سیف

عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے لیے کسی کو نیا ٹاسک نہیں دیا: بیرسٹر سیف

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے میڈیا میں گردش کرنے والی اس خبر پر وضاحت پیش کی کہ عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے لیے کسی کو ٹاسک نہیں دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا ذرائع سے آنے والی ایسی خبریں بلا تصدیق اور بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ وہ بغیر تصدیق کے اس قسم کی خبریں نشر کرنے سے گریز کرے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اپنے بیان میں بتایا کہ حالیہ ملاقات میں حکومتی امور، دہشت گردی اور افغانستان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ عمران خان نے وزیراعلیٰ کو حکومتی معاملات پر، جبکہ انہیں دہشت گردی اور افغانستان کے امور پر ہدایات دیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ اپنی ذاتی رہائی یا فائدے کے لیے اسٹیبلشمنٹ سے کسی بھی قسم کی بات چیت نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی ترقی اور سیاسی استحکام ان کے لیے سب سے اہم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشی ترقی سیاسی استحکام کے بغیر ممکن نہیں، اس لیے سیاسی استحکام کے لیے پی ٹی آئی کو تسلیم کرنا ہوگا اور اس کے خلاف کسی بھی کوشش کو ختم کرنا ہوگا۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پی ٹی آئی ایک حقیقت ہے اور اسے تسلیم کرنا ضروری ہے۔