لاہور: نومولود بچے کی لاش گندے نالے سے برآمد، ماں مبینہ طور پر گرفتار

لاہور: نومولود بچے کی لاش گندے نالے سے برآمد، ماں مبینہ طور پر گرفتار

لاہور: سبزہ زار کے علاقے میں نومولود بچے کو مبینہ طور پر گندے نالے میں پھینکے جانے کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں سے بچے کی لاش برآمد کرلی گئی۔

پولیس کے مطابق نومولود بچہ تقریباً 26 روز قبل پیدا ہوا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کو مبینہ طور پر پلاسٹک شاپر میں ڈال کر گندے نالے میں پھینکا گیا، جس کے بعد اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش اپنی تحویل میں لے لی۔واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شمیلہ نامی خاتون کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمہ کے خلاف اقدامِ قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق پولیس نے نومولود کی لاش تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی شروع کردی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش انویسٹی گیشن پولیس کے سپرد کردی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے آسکیں گے۔حکام کے مطابق بچے کی موت کے اصل حالات اور واقعے میں ملوث افراد کے کردار کا تعین تفتیش کے بعد کیا جائے گا۔