لاہور: اکبر چوک فلائی اوور سے 40 سالہ شخص نے چھلانگ لگا دی، ریسکیو اہلکاروں نے زندہ بچالیا

لاہور: اکبر چوک فلائی اوور سے 40 سالہ شخص نے چھلانگ لگا دی، ریسکیو اہلکاروں نے زندہ بچالیا

لاہور: اکبر چوک فلائی اوور سے ایک 40 سالہ شخص نے مبینہ طور پر چھلانگ لگا دی، تاہم ریسکیو 1122 کے بروقت رسپانس کے باعث اسے زندہ بچالیا گیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق انہیں اطلاع موصول ہوئی کہ اکبر چوک فلائی اوور سے ایک شخص نے چھلانگ لگائی ہے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور متاثرہ شخص کو طبی امداد فراہم کی۔ریسکیو حکام کے مطابق چھلانگ لگانے کے نتیجے میں مذکورہ شخص کی دونوں ٹانگوں میں فریکچر ہوگیا۔ تاہم بروقت کارروائی کے باعث اس کی جان بچانے میں کامیابی حاصل ہوئی۔ریسکیو 1122 کے مطابق متاثرہ شخص کی شناخت 40 سالہ بابر ولد خادم کے نام سے ہوئی ہے۔ اسے جائے وقوعہ پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے جناح ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق واقعے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکیں، جبکہ مزید معلومات متاثرہ شخص کی طبی حالت بہتر ہونے کے بعد سامنے آسکتی ہیں۔ریسکیو اہلکاروں کی بروقت کارروائی کے باعث ایک قیمتی انسانی جان محفوظ رہی۔