لاہور(نیٹ نیوز) آپ کے خیال میں زندگی کا سب سے ناقابل فراموش لمحہ کونسا ہوتا ہے؟یہ ایسا سوال ہے جس کا جواب ہر فرد کے لیے مختلف ہوسکتا ہے یعنی کسی ایک جواب پر اتفاق ممکن نہیں۔مگر ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ بیشتر افراد کی نظر میں زندگی کا سب سے ناقابل فراموش لمحہ کونسا ہوتا ہے۔برطانوی کمپنی جان لوئس اینڈ پارٹنر کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ بیشتر افراد (49 فیصد) کے خیال میں شادی کے بندھن میں بندھنا زندگی کا یادگار ترین لمحہ ہوتا ہے۔اس کے بعد 47 فیصد افراد کے مطابق پہلے بچے کی پیدائش سب سے خاص لمحہ ہوتا ہے۔اسی طرح کسی پیارے کے انتقال کو 45 فیصد افراد نے ایسا لمحہ قرار دیا جسے وہ کبھی بھول نہیں سکتے۔اس تحقیق میں 2 ہزار افراد کو شامل کیا گیا تھا۔مجموعی طور پر 57 فیصد افراد نے خاندان سے جڑے لمحات کو ناقابل فراموش قرار دیا جبکہ محض 4 فیصد نے کام اور کیرئیر کو خاص قرار دیا۔محققین نے بتایا کہ زندگی میں ہر وقت ہی کچھ نہ کچھ ہوتا رہتا ہے اور متعدد چیزیں جیسے پہلے گھر میں منتقل ہونا، بچوں کی پیدائش، تعطیلات پر جانا اور متعدد یادگار سنگ میل زندگی کو خاص بناتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ کوئی بھی ماضی کی دفتری سرگرمیوں کو پسند سے نہیں دیکھتا بلکہ خاندان سے جڑی چیزیں ہمیشہ یاد رہتی ہیں۔تحقیق میں شامل ہر 10 میں سے 9 افراد کا ماننا ہے کہ ان لمحات کو محفوظ رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے۔اسی طرح 97 فیصد افراد ان یادگار لمحات کو یاد کرنا پسند کرتے ہیں۔تحقیق کے مطابق 68 فیصد افراد کا ماننا ہے کہ پرمسرت لمحات کو یاد کرنے سے مشکل دنوں سے مقابلہ کرنے میں مدد ملتی ہے۔اس تحقیق کے مطابق والدین بننا، پہلا گھر خریدنا، ڈرائیونگ ٹیسٹ پاس کرنا، محبت میں گرفتار ہونا، شریک حیات سے پہلی ملاقات، پالتو جانور کا مرنا اور منگنی ہونا بالترتیب تیسرے سے 10 ویں نمبر کے ناقابل فراموش لمحات ہوتے ہیں۔