خیبرپختونخوا میں سکیورٹی اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں:محسن نقوی

محسن نقوی اور گورنر کے پی کے کی ملاقات، امن و امان اور انسدادِ دہشتگردی پر تبادلہ خیال کیا گیا
اسلام آباد(  آن لائن ): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی  سے گورنر خیبرپختونخوا  فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا میں انسدادِ دہشتگردی کے لیے جاری اقدامات اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے وفاقی وزیر داخلہ کو آگاہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف کیے گئے کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کو سراہا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہداء￿  کو خراج عقیدت پیش کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قیام امن کے لیے سکیورٹی اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور وفاقی حکومت اس مقصد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔