اسلام آباد(خصوصی رپورٹ ) سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ جس رفتار سے نیا کرنسی نوٹ ڈیزائن کیا جا رہا ہے، خدشہ ہے کہ ہماری مدت ختم ہو جائے گی لیکن نیا نوٹ نہیں بن پائے گا۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں نئے کرنسی نوٹ سے متعلق بحث کے دوران اسٹیٹ بینک کے حکام نے کہا کہ پانچ ہزار روپے کا نیا نوٹ آئندہ 20 سال کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ڈیزائن کیا جا رہا ہے، جس میں جدید سیکیورٹی فیچرز بھی شامل ہیں۔کمیٹی اجلاس کے دوران نئے نوٹ کے ڈیزائن میں تاخیر پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جس رفتار سے نیا نوٹ ڈیزائن کیا جا رہا ہے، خدشہ ہے کہ ہماری مدت ختم ہو جائے گی لیکن نیا نوٹ نہیں بن پائے گا۔سینیٹر کے اس دلچسپ تبصرے پر کمیٹی کے اجلاس میں قہقہے گونج اٹھے۔واضح رہے کہ اسی اجلاس میں سلیم مانڈوی والا نے بتایا تھا کہ انہوں نے اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر کو پانچ ہزار روپے والے تین نوٹ دئیے تھے، جن میں سے ایک جعلی تھا، لیکن دو سال گزرنے کے باوجود انہیں تینوں نوٹ واپس نہیں کیے گئے۔