6 سالہ بچی پر تشدد اور مبینہ زیادتی کی کوشش، ملزم گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) نشتر کالونی پولیس نے 6 سالہ بچی پر تشدد اور مبینہ زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق بچی کی والدہ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی کھلی کچہری میں پیش ہوئی تھیں، جس پر ڈی آئی جی آپریشنز نے فوری کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس کو ہدایات جاری کیں۔ نشتر کالونی پولیس نے ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ملزم حمزہ کو ٹریس کرکے گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی کے لیے جینڈر سیل کے حوالے کر دیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ بچوں کا استحصال کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے تحفظ اور ایسے جرائم کے تدارک کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔