ٹک ٹاکر لاریب اور ڈرائیور اصغر پر سہولت کاری کا الزام، مرکزی شوٹرز تاحال فرار
لاہور (کرائم رپورٹر) عبداللہ طاہر قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے زیرحراست تین ملزمان کو مقدمے میں نامزد کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ٹک ٹاکر لاریب اور مقتول عبداللہ طاہر کے ڈرائیور اصغر کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔ دونوں پر عبداللہ طاہر کی لوکیشن ملزمان تک پہنچانے اور سہولت کاری کا الزام ہے۔ مقتول کی ریکی کرنے والے ملزم کو بھی مقدمے میں نامزد کرلیا گیا۔ نامزد کیے گئے تین ملزمان سمیت مجموعی طور پر پانچ ملزمان سی سی ڈی پولیس کی حراست میں ہیں۔ ذرائع کے مطابق قتل کے مرکزی شوٹر ارسلان سمیت دو دیگر شوٹرز تاحال پولیس کی گرفت سے باہر ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔