نارووال ریت ٹھیکے سے روکنے کی مبینہ دھمکی آمیز آڈیو پولیس کو مل گئی
لاہور (کرائم رپورٹر) پی ٹی آئی کے رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کیس میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتول عبداللہ طاہر کو نارووال میں ریت کا ٹھیکہ لینے سے باز رہنے کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ عبداللہ طاہر کے منیجر احمد اور ذوالفقار مہیس کو کی گئی مبینہ دھمکی آمیز آڈیو کال کی ریکارڈنگ تفتیشی ٹیم کو مل گئی ہے۔ ریکارڈنگ کے مطابق علی حسن بٹ نامی شخص نے فون کرکے نارووال میں ریت کا ٹھیکہ نہ لینے کی تنبیہ کی اور مبینہ طور پر خود کو زمان عرف کوگی بٹ کا آدمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نارووال میں ریت کا ٹھیکہ صرف زمان کوگی بٹ ہی چلائے گا۔ آڈیو کال میں مبینہ طور پر ٹھیکے کے لیے بولی دینے کی صورت میں سنگین نتائج اور بچوں کی جان کو خطرے کی دھمکی بھی دی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ذوالفقار مہیس، پی ٹی آئی رہنما سجاد مہیس کے بھائی ہیں، جبکہ سجاد مہیس اور عبداللہ طاہر کے درمیان پارٹی وابستگی کی بنیاد پر قریبی دوستی تھی۔ پولیس آڈیو ریکارڈنگ سمیت دیگر شواہد کی روشنی میں قتل کے مختلف پہلوئوں پر تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔