سوات اور اس کے ملحقہ علاقوں میں گزشتہ شب زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے مقامی شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلہ پیما مرکز اسلام آباد کے مطابق، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.0 ریکارڈ کی گئی ہے، اور اس کی زیرِ زمین گہرائی 224 کلومیٹر تھی۔مرکز کا تعلق ہندوکش کے پہاڑی سلسلے سے بتایا گیا ہے۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی بہت سے لوگ گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے، تاکہ اپنی حفاظت کا بندوبست کر سکیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، اس زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔مقامی انتظامیہ اور شہریوں نے صورتحال کو معمول پر لانے کے لیے فوری اقدامات کیے، اور اب حالات قدرے پرسکون ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ زلزلہ معمولی نوعیت کا تھا، تاہم آئندہ ممکنہ خطرات سے بچاؤ کے لیے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔